بھٹکل 20 ڈسمبر (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے سمسی کی شراوتی ندی میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے نوجوان کی نعش آج پیر کو ہیرانگڈی کے قریب برآمد کرلی گئی ہے، وہ 18 ڈسمبر سنیچر کی دوپہر کو ندی میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا اور اُسی دن سے اُس کی تلاش جاری تھی، یاد رہے کہ واردات کے دوران اس کے ایک ساتھی کو بچالیا گیا تھا۔ واردات ہوناور سے قریب 25 کلو میٹر دور سمسی اور اُپّنی کے درمیان شراوتی ندی میں سنیچر دوپہر کو پیش آئی تھی۔
ہانگل سے تعلق رکھنے والے اس مزدور کی شناخت ذوالفقار (24) کی حیثیت سے کی گئی تھی جو اُپنّی میں تعمیراتی کام کرنے کے دوران دوپہر کے کھانے کے لئے ہر روز کی طرح کشتی پر سوار ہوکر سمسی جارہا تھا، اور ہر روز کی طرح سنیچر کو بھی کشتی کے کنارے کے قریب پہنچنے کے بعد تیرنے کی غرض سے ندی میں چھلانگ لگائی تھی اور اُس کےبعد سے وہ ندی میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا۔ پتہ چلا ہے کہ آج دو روز بعد اس کی نعش ہیرانگڈی کے قریب ندی میں اوپر آگئی جس کے بعد نعش کو کنارے لایا گیا۔